ائیر سیال نے وطن عزیز کی بہترین فضائی ائیر لائن ہونے کا مقام حاصل کر لیا ہے، چیئرمین اتحاد فائونڈر گروپ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ

بدھ 27 مارچ 2024 14:16

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) چیئرمین اتحاد فائونڈر گروپ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ ریاض الدین شیخ نے کہا ہے کہ ائیر سیال کے چیئرمین فضل جیلانی کی قیادت میں سیالکوٹ کی پہچان اور پاکستان کا فخر ائیر سیال نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر وطن عزیز کی بہترین فضائی ائیر لائن ہونے کا مقام حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں کامیابی کے بعد اب یورپ، امریکہ اور کینیڈا کے لیے بھی ائیر سیال اپنی سروس شروع کرکے ایک مزید اہم سنگ میل طے کرے گی اور دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنز آف سیالکوٹ ڈائریکٹر سیال شیخ عمر سیٹھی، حافظ شیخ جنید شاہد، عمران شاہد اور احسن شاہد کی طرف سے ائیر سیال کے نومنتخب عہدیداران چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی ، سینئر وائس چیئرمین قیصر اقبال بریار، وائس چیئرمین محمد عمر میر اور چیف ایگزیکٹو أفیسر امین احسن کو اگلے تین سالوں کے لیے منتخب ہونے کی خوشی میں دئیے جانے والے استقبالیہ و افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ائیر سیال کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی اور توقع ظاہر کی کہ ائیر سیال مزید کامیابیاں حاصل کرٸے گی اور اپنے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کر ٸے گی۔نومنتخب چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ اس وقت پاکستان میں ایک نئی ائیر لائن کا خواب دیکھنا اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنا جبکہ وطن عزیز کی قومی ائیرلائن بھی مشکلات کا شکار ہو اور دوسری کئی پرائیویٹ ائیر لائینز بھی دم توڑ رہی ہوں ایسے میں ایک نئی ائیر لائن بنانا ایک جوئے شیر لانے سے کم کام نہیں تھا۔

الحمد للہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا اور ائیر سیال اب پاکستان کی صف اول کی ائیرلائنز میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کے اس سفر میں جو مشکلات پیش آئیں ان کی الگ ایک تفصیل ہے لیکن ہماری کامیابیوں نے میرے اور میری ٹیم کے حوصلے بڑھا دئیے ہیں۔ فضل جیلانی نے انہیں اور ان کی پوری ٹیم کو تین سال کے لیے مذید منتخب کرنے پر ائیرسیال کے بورڈ کے تمام ڈائریکٹر ز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سینئر وائس چیئرمین ائیر سیال قیصر اقبال بریار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کامیابی کے پیچھے سیالکوٹ اور پورے پاکستان کے عوام کی دعائیں ہیں، ہم اپنے مسافروں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مزید محنت سے کام کریں گے۔ وائس چیئرمین ائیر سیال محمد عمر میر نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ وفاقی وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ محمد أصف اپنے شہر کی ائیر لائن ائیر سیال کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو أفیسر ائیر سیال امین احسن نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ انہوں نے پورے پاکستان سے فضائی ائیر لائنوں کے شعبے سے بہترین پروفیشنلز کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے جس کی وجہ سے ہمیں کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری سیالکوٹ کے تمام اداروں کے حکام سے درخواست ہے کہ وہ بھی بہترین پروفیشلنز کا انتخاب کرنے کی پالیسی اپنائیں۔

تقریب میں ممتاز صنعت کار محمد داود میر، عمر ڈار، عامر ڈار ، بانی چیئرمین سیال میاں محمد ریاض ، چیئرمین سیال سہیل سعید برلاس، وائس چیئرمین میاں داود سائرایڈووکیٹ ، بانی لاہور قلندرز رانا عاطف، ڈائریکٹر کرکٹ بورڈ خرم عبداللہ نیازی، چیئرمین بورڈ أف ڈائریکٹرز یونیورسٹی أف سیالکوٹ فیصل منظور، سابق چیئرمین سیال نعیم اختر ، ملک اشرف اعوان، انجنیئر خاور انور خواجہ، ڈائریکٹر سیال اسد ثاقب، سابق صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس ملک زاہد لطیف، احسن بھٹی، ڈاکٹر خرم انور خواجہ ، سیکرٹری سیال جہانگیر خان، چیف فنانس أفیسر سیال بشیر احمد، ملک زاہد کے علاوہ بہت بڑی تعداد میں صنعت کاروں اور ممتاز شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب کی نظامت کے فرائض عمران شاہد اور عادل ڈار نے سرانجام دئیے۔