بشام میں چینی قافلے پر خودکش حملے کے مقدمے کے لیے سی ٹی ڈی کو خط ارسال

بدھ 27 مارچ 2024 16:06

اسلام آباد /بشام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) بشام پولیس نے شانگلہ میں چینی قافلے پر خود کش حملے کی نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے سوات کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کو خط ارسال کردیا۔تھانہ بشام کے اسٹیشن ہاؤس افسر بخت ظاہر خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے کر سی ٹی ڈی سوات کو بشام حملے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے پیش کر دی ہے جس میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 افراد کی جانیں گئیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے بس سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی ہیں اور معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، تاہم اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والی سلور کلر کی ٹویوٹا وِٹز کار، جس میں تقریباً 9 کلو گرام بارودی مواد موجود تھا، ایک چینی قافلے سے ٹکرا گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بشام کے حساس علاقوں اور خاص طور پر پراجیکٹس کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نجی ٹی وی کو بتایا کہ گیزوبا کمپنی، جس کا عملہ اس حملے میں ہلاک ہو گیا، نے اس مقام پر اپنا آپریشن معطل کر دیا ہے اور چینی عملے کو اگلے احکامات تک اپنی رہائش گاہ پر رہنے کو کہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز شانگلہ کے علاقے بشام میں بس پر خودکش حملے میں 5 چینی شہریوں سمیت کوہستان سے تعلق رکھنے والا ان کا ایک پاکستانی ڈرائیور جان کی بازی ہار گیاتھا۔