Live Updates

ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کا پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاون جاری

بدھ 27 مارچ 2024 16:18

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کا پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صاعد عزیز کی سربراہی میں پتنگ بازی کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ، آگاہی واک میں سی او ہیلتھ ڈاکٹراظہر امین، سی او ایجوکیشن احسن فرید، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ساجد ندیم ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران ، سکھ برادری، انجمن تاجران، صحافی اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھر پور شرکت کی ، آگاہی واک میں سکول و کالجز کے طلباءو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شریک طلباءنے پتنگ بازی کے خلاف مہم کے سلسلہ میں کتبے اٹھا بھی رکھے تھے۔

(جاری ہے)

آگاہی واک کچہری چوک سے شروع ہو کر تحصیل موڑ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ آگاہی واک کے دوران پتنگیں اور ڈوریں جلائیں گئی۔ ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صاعد عزیز نے شہریوں کی موٹر سائیکل پر وائریں بھی لگائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کے خلاف مہم میں تمام اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، تاجران اور سکھ برادری کا شکر گزار ہوں ، ضلعی انتظامیہ اداروں کے مشترکہ تعاون سے پتنگ بازی مہم کے خلاف تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جان لیوا کھیل سے کتنی معصوم جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی پتنگ بازی کے خلاف مہم میں تمام ادارے، اقلیتی برادری اور سول سوسائٹی متحد ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ننکانہ صاحب صاعد عزیز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان ضلع ننکانہ پتنگ بازی کے خونی کھیل کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔ \378
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات