ماہ رمضان بخشش، سخاوت،نیکیاں سمیٹنے اور صبر کا مہینہ ہے، حاجی طارق محمود عباسی

بدھ 27 مارچ 2024 21:38

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) تحریک لبیک پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے نائب امیرحاجی طارق محمود عباسی نے کہاہے کہ ماہ رمضان بخشش، سخاوت،نیکیاں سمیٹنے اور صبر کا مہینہ ہے،اس ماہ مبارک میں اخلاق و تقویٰ کے ساتھ ساتھ اللہ کی راہ میں دل کھول کر خرچ کرنا چاہیے عام آدمی کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہے اور عام آدمی کا احساس کرنے سے ہی عید کا لطف دوبالا ہوگا، میرا ایمان ہے کہ پسے ہوئے طبقے کو اپنے ساتھ لے کر چلنے میں ہی ہماری نجات ہے اور مستحق اور بے سہارا افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے سے خوشیوں کو چار چاند لگتے ہیں۔

غرباء و مساکین افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، ہمیں چائیے کہ اپنے گردو پیش پر نظر ڈالیں اور ان لوگوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں جو وسائل نہ ہونے سے عید کی خوشیاں منانے سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ تاجر رمضان المبارک میں خودساختہ مہنگائی کی بجائے اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں 10فیصد کمی رضاکارانہ طور پر کریں تاکہ وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کو سمیٹ سکیں۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں مستحقین تک امداد کی فراہمی کیلئے مخیر طبقہ آگے بڑھے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک خیر و برکت، رحمت و مغفرت، جہنم سے خلاصی کامہینہ ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں غربا، مساکین کی ضروریات کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔عید الفطر مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نیکی رائیگاں نہیں جاتی چھوٹی چھوٹی نیکیاںزندگی میں ہم جتنے دل راضی کریں اتنے ہی ہماری قبر میں چراغ جلیں گے انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں زندگی کی نعمتوں کو سمیٹنے کے لئے عظیم موقع ہے جس میں انسان اخلاص نیت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ عبادت کرے اور اللہ کی رضا و خوشنودی حاصل کرے اور زندگی کے بعد کام آنے والے چراغ زندگی میں ہی جلائے جاتے ہیں۔

رمضان المبارک خوداحتسابی کا درس دیتاہے رمضان المبارک نیکیاں کمانے اور تقویٰ حاصل کرنے کا موسم ہے۔ اس ماہ مقدس میں اپنے تمام مرحومین اور فلسطین کے شہداء کے لیے ایصال ثواب خصوصا فلسطین کے مجاہد کے لیے دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے۔