چھ ججز کے خط کا معاملہ،حامد خان کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

یہ خط بہت اہمیت کا حامل ہے ،6ججز نے بہت بڑا کام کیاہی:میڈیا سے گفتگو

بدھ 27 مارچ 2024 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) رہنما تحریک انصاف حامد خان نے 6 ججز کے خط کے معاملے کی انکوائری کیلئے چیف جسٹس سے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کردیا۔ رہنما تحریک انصاف حامد خان نے لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کو کلیئر ہونا ہوگا یہ معاملہ بہت حساس ہے، 6 ججز نے بہت بڑا کام کیاہے، یہ خط بہت اہمیت کا حامل ہے اس پر باقاعدہ لائحہ عمل آنا چاہیے، ہمیں ان ججز کو سیلوٹ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا کردار متنازع ہوچکا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز چیف جسٹس کے نوٹس میں تمام باتیں لائے مگر انکا کردار قابل قدر نہیں ہے۔ حامد خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، چیف جسٹس پاکستان اس معاملے پر اپنا کردار ادا کریں، دونوں چیف جسٹس صاحبان عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گے، اس کا جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بار ایسوسی ایشنز پر بڑی ذمہ داری آن پڑی ہے، ہمیں وکلا اتحاد کے ساتھ ساتھ تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے، صدر لاہور ہائیکورٹ بار اس معاملے پر خاموش نہ رہیں۔