بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی ایئرپورٹس کی آوٹ سورسنگ میں دلچسپی

جرمنی، فرانس، ہالینڈ، قطر، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور ترکیہ شامل ہیں

بدھ 27 مارچ 2024 23:06

بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی ایئرپورٹس کی آوٹ سورسنگ میں دلچسپی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) ملک میں ہوائی اڈوں کی آوٹ سورسنگ کا فیصلے کے بعد عملدرآمد کیلئے پیش رفت میں تیزی آگئی ہے ۔ چند بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کردی۔ذرائع کے مطابق جرمنی، فرانس، ہالینڈ، قطر، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور ترکیہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اس کے علاوہ کئی مقامی گروپس بھی اس لین دین میں دلچسپی رکھتے ہیں۔اس حوالے سے وزیر دفاع، دفاعی پیداوار اور ہوا بازی خواجہ محمد آصف کی زیر صدارت وزارت ہوا بازی میں ہوائی اڈوں کی آوٹ سورسنگ اور پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکریٹری ایوی ایشن، سیکریٹری نجکاری کمیشن، ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خارجہ اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیر ہوا بازی نے ان ممالک میں پاکستانی سفیروں کے ساتھ آن لائن میٹنگ بلانے کی ہدایت کی ہے۔انھوں نے مقامی سرمایہ کاروں کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوڑنے کا مشورہ بھی دیا تاکہ لوکل سرمایہ کاروں کی آگاہی میں اضافہ ہو سکے اور وہ اپنے کنسورشیم کو تیار کر کے بولی کے عمل میں حصہ لے سکیں۔یاد رہے کہ دو روز قبل پی آئی اے کو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ادارے کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دی تھی۔