پنجاب پولیس کی پتنگ بازی، دھاتی ڈور کے خلاف کارروائیوں میں تیزی

بدھ 27 مارچ 2024 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پتنگ بازوں اور دھاتی ڈور کے خلاف پولیس کی ترجیحی کاروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت انسدادی کاروائیوں کی تفصیلات جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں قانون شکنوں کے خلاف 128 مقدمات درج ہوئے جبکہ 128 قانون شکن گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے 14077 پتنگیں اور 10299 ڈوریں و چرخیاں برآمد ہوئیں۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 26 فروری سے شروع کریک ڈاؤن میں صوبہ بھر میں 3228 مقدمات درج کرتے ہوئی3361 قانون شکن گرفتار کیے گئے جن کے قبضے سی177631 پتنگیں اور 13892 ڈوریں و چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی دھاتی ڈور و پتنگوں سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے مانیٹرنگ و سرویلنس مزید بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کو مزید متحرک کریں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ خطرناک کھیل اور کاروبار میں ملوث سماج دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، دھاتی ڈور کی تیاری، فروخت اور استعمال میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ سول سوسائٹی کے تعاون سے پتنگ بازی کے جان لیوا نقصانات بارے آگاہی مہم بھی جاری رکھی جائے۔