پشین ،لیویز فورس کی کارروائی ،فائرنگ تبادلے میں لیویز رسالدار شہید 3سپاہی زخمی ،8سہولت کاروں سمیت 24مشتبہ افراد گرفتار

بدھ 27 مارچ 2024 23:19

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پشین کے علاقے کلی منزری میں اشتہاری ملزمان اور قانون شکن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے لیویز فورس پشین کے ایک رسالدار جاں بحق جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے،آپریشن کے دوران 8 سہولت کاروں سمیت 24 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرکے ایک مسروقہ گاڑی برآمد کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشین کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد خان مندوخیل کی خصوصی ہدایت پر پشین لیویز فورس کے رسالدار حمیداللہ ترین کی سرکردگی میں بدھ کو تحصیل حرمزئی کے علاقے کلی منزری میں اشتہاری ملزم داد محمد عرف دادگئی اور ان کے مبینہ ساتھی اشتہاری ملزمان کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے لیویز فورس کے رسالدار حمیداللہ ترین موقع پر شہید ہوگئے، جبکہ تین اہلکار موسیٰ جان، بلال خان اور ظہور آغا زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشین کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد مندوخیل کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 8 سہولت کاروں سمیت 24 مشتبہ ملزمان گرفتار کرکے ایک مسروقہ گاڑی برآمد کرلی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشین نے بتایا کہ آپریشن میں چمن جیل توڑ کر فرار ہونے والے ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ شہید ہونے والے رسالدار حمیداللہ ترین اور زخمی لیویز اہلکاروں کو پشین ہسپتال منتقل کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق جرائم پیشہ اور قانون شکن عناصر کے خلاف سرچ آپریش آنہیں قانون کے دائرے میں لانے تک جاری رہے گی۔

دریں اثناء شہید ہونے والے رسالدار حمیداللہ ترین کو ان کے آبائی علاقے کلی ملکیار میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اور سرکاری آفیسران سمیت مختلف سیاسی قبائیلی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔