Live Updates

سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی

درخواست پی ٹی آئی رہنماء سمابیہ طاہر کی جانب سے تھانہ سول لائنز میں دائر کی گئی، بانی پی ٹی آئی کو قتل کی دھمکیاں دینے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ درخواست میں مئوقف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 27 مارچ 2024 18:48

سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 مارچ 2024ء) بانی پی ٹی آئی کو قتل کی دھمکیاں دینے پرسابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی۔ اے آروائی نیوز کے مطابق پاکستا ن تحریک انصاف نے سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی، درخواست پی ٹی آئی رہنماء سمابیہ طاہر کی جانب سے تھانہ سول لائنز میں دائر کی گئی، درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا کہ رانا ثناء اللہ نے بانی پی ٹی آئی کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیں، بانی پی ٹی آئی کو قتل کی دھمکیاں دینے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی پر اس سے قبل بھی قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے۔بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اس سے قبل دی گئی درخواست میں بھی رانا ثناء اللہ پر الزام تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے 23 مارچ کو جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عمران خان یا پی ٹی آئی کے ساتھ ناطہ یاتعلق سیاسی ہے، اس میں قتل کہاں سے آگیا؟معاملہ یہ ہے کہ اگر آج بانی پی ٹی آئی سیاست سے علیحدہ ہوجائے یا وہ اپنی مخصوص سیاسی سوچ کو جس کے تحت وہ کہتا ہے میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، سارے چور ڈاکو ہیں، جس کے تحت وہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ بات کرنے کا قائل نہیں ہے، اگر وہ یہ سوچ بدل دے تو معاملہ اسی وقت ختم ہوجاتا ہے۔

معاملہ یہ ہے کہ وہ ہمارے سیاسی وجود کو تسلیم نہیں کرتا تو پھر ہم اس کے سیاسی وجود کو کیوں تسلیم کریں گے؟ وہ ہمارے سیاسی وجود کو ختم کرنا چاہتا ہے تو مجھے کوئی غلط فہمی نہیں کہ میں کہوں کہ وہ ہمیں قتل کرنا چاہتا ہے؟ میں نے سیاسی وجود سے متعلق وضاحت چھ یا آٹھ ماہ پہلے بھی کی تھی، پی ٹی آئی کی سیاست عمران خان کی سوچ کا محور ہے، وہ سوچ یہی ہے کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ اسی طرح گزشتہ روز مرکزی رہنماء پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرخان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت اور طاقتور لوگوں کی ہے، عمران خان کی زندگی پر کوئی سمجھوتا نہیں، رانا ثناءاللہ نے عمران خان سے متعلق کئی بار کہا کہ اس بندے کو ختم ہونا چاہیے، اسی لئے ان کی فیملی کے خدشات درست ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات