بھرپور کوشش ہے عید الفطر سے پہلے بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آ جائیں ‘ احمد خان بھچر

دو سال کے اندر پورے ملک میں انتخابات ہو جائیں گے ، تحریک عدم اعتماد ایک منٹ میں آ سکتی ہے‘ قائد حزب اختلاف

بدھ 27 مارچ 2024 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ بھرپور کوشش ہے کہ عید الفطر سے پہلے بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آ جائیں ، دو سال کے اندر پورے ملک میں انتخابات ہو جائیں گے ، تحریک عدم اعتماد ایک منٹ میں آ سکتی ہے لیکن یہ جن کے ذریعے آنی ہے ہمارا قائد ان چوروں کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار نہیں ۔

ایک انٹر ویو میں احمد خان بھچر نے کہا کہ جو مسلط کی ہوئی چیزیں ہوتی ہیں وہ زیادہ دیر نہیں چلتیں،یہ عوام کی حکومت نہیںہے ،مجھے جلد الیکشن نظر آرہے ہیں اور دو سال کے اندرپورے ملک میں دوبارہ انتخابات ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چاہیں تو ہمیں ایک منٹ میں پنجاب اور وفاق مل سکتا ہے، پنجاب اور وفاق میں حکومت تبدیل ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی صبح جیل سے باہر آ سکتے ہیں ، ان کے لئے باہر آنا کوئی مسئلہ نہیں لیکن وہ ملک و قوم کیلئے جیل میں ہیں ۔ یہ کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ایک ماہ نہیں نکالیں گے ہے تین مہینے نہیں لیکن وہ کئی ماہ سے جیل میں ہیں ۔ بانی پی ٹی آئی میرٹ پر تمام مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور ان شااللہ بڑی جلد ی با عزت طریقے سے جیل سے نکلیں گے،بھرپور کوشش ہے کہ عید سے پہلے بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آ جائیں ۔