جرمن ہائی وے پر مسافر بس کے حادثے میں متعدد افراد ہلاک

DW ڈی ڈبلیو بدھ 27 مارچ 2024 20:00

جرمن ہائی وے پر مسافر بس کے حادثے میں متعدد افراد ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 27 مارچ 2024ء) لائپزگ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یورپ کے بیسیوں شہروں میں خاص طور پر نوجوانوں اور سیاحوں کو کم قیمت پر زمینی سفر کی سہولت مہیا کرنے والے فلکس بس نیٹ ورک کی اس بس کو یہ حادثہ جرمنی میں آٹوبان کہلانے والی ہائی ویز کے نیٹ ورک کی ایک شاہراہ اے نائن پر پیش آیا۔

انٹرسٹی ٹرین مزدوروں کے گروپ پر چڑھ گئی، کم از کم دو ہلاکتیں

پولیس کے مطابق آج بدھ کی صبح یہ مسافر بس نامعلوم وجوہات کی بنا پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ہائی وے سے اتر کر الٹ گئی۔

حادثے کے فوری بعد کئی امدادی ہیلی کاپٹر اور ایمبولنسیں جائے حادثہ پر پہنچ گئے تھے اور ہلاک شدگان کی لاشیں ہٹانے اور زخمیوں کی طبی دیکھ بھال کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس دوران ریسکیو کارروائیوں کے باعث متاثرہ آٹوبان پر دوطرفہ ٹریفک بھی پوری طرح بند کر دی گئی تھی۔ جرمنی میں اے نائن کہلانے والی آٹوبان ملک کے شمال اور جنوب میں قومی شاہراہوں کو جوڑنے والی ایک مرکزی ہائی وے ہے۔

فلکس بس کمپنی کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''یہ بات ابھی تک واضح نہیں کہ یہ حادثہ کن حالات میں پیش آیا۔ ہم پولیس، مقامی حکام اور امدادی کارکنوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، زخمیوں کا علاج جاری ہے اور اس حادثے کے اسباب کا تعین بھی جلد ہی ہو جائے گا۔‘‘

جرمن نوجوان کتے کو بچانے کی کوشش میں کار کی زد میں آ کر ہلاک

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ حادثے کے وقت اس بس میں 55 افراد سوار تھے، جن میں سے 53 مسافر تھے اور باقی دو ڈرائیور۔

ایک ڈرائیور بس چلا رہا تھا جبکہ طویل مسافت کے پیش نظر دوسرا ڈرائیور ضابطوں کے مطابق اضافی طور پر بس میں موجود تھا۔

ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں مسافر ٹرین الٹ گئی، تین افراد ہلاک

اے نائن آٹوبان پر لائپزگ کے نواح میں ہی گزشتہ برس دسمبر میں بھی ایک مسافر بس کو ایک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ہائی وے ریسکیو کے لیے رکاوٹ بننے والے سو ڈرائیوروں کو جرمانہ

اس سے قبل 2019ء میں بھی اسی شاہراہ پر وفاقی صوبے سیکسنی انہالٹ میں باڈ ڈیورین برگ کے قریب ایک بس کو حادثہ پیش آیا تھا، جس میں ایک خاتون ہلاک اور کئی دیگر مسافر زخمی ہو گئے تھے۔

آج پیش آنے والا حادثہ اس جرمن شاہراہ پر گزشتہ کئی برسوں کے دوران رونما ہونے والا سب سے ہلاکت خیز حادثہ ہے۔

م م / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)