چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال

بدھ 27 مارچ 2024 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی نے سندھ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اورپاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے برطانوی ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ انفراسٹرکچر ، پانی کی فراہمی، سیوریج اور گورننس کی بہتری پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کو نظر میں رکھتے ہوئے پانی کی فراہمی، سیوریج اور روڈ انفراسٹرکچر کی بحالی پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گرین ہائوس گیس کے اخراج میں 1فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے لیکن ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان سر فہرست ہے، 2022ء کے سیلاب سے پاکستان کو 32 بلین ڈالر کا نقصان ہوا اور آئندہ بھی ماحولیات خطرات لاحق ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے دریائے سندھ بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ وفاقی سطح پر لِونگ انڈس منصوبہ شروع کیا گیا ہے، یہ منصوبہ ماحولیاتی ماہرین، تمام سٹیک ہولڈرز اور صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے اور چاہتے ہیں برطانوی حکومت ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں ٹیکنیکل معاونت فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی سرمایہ کاروں کے لئے سندھ میں انرجی، انوائرنمنٹ ، زراعت کے شعبوں میں کئی مواقع ہیں۔ برطانوی ڈپٹی کمشنر سارہ مونی نے لِونگ انڈس منصوبے میں تعاون کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ نے برطانوی ڈپٹی ہائے کمشنر کو ثقافتی تحائف پیش کیے۔