Live Updates

وزیر اعلی پنجاب نے نارکوٹکس کنٹرول کیلئے پولیس سٹیشنز بنانے اور ٹیکس کنسلٹنسی یونٹ قائم کرنے کی منظوری دیدی

بدھ 27 مارچ 2024 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے نارکوٹکس کنٹرول کیلئے تین پولیس سٹیشنز بنانے اور ٹیکس کنسلٹنسی یونٹ قائم کرنے کی منظوری دیدی۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن ، پلیٹس کا بیک لاگ ختم کرنے اور رینٹل ویلیو اور ڈی سی ریٹ کے مطابق ٹیکس میں فرق پر اسیسمنٹ رپورٹ بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اینٹی نارکوٹکس کے لئے نیا محکمہ بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے 13 ایکسائز چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے اجلاس میں ہدایت کی کہ ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

گھروں پر ٹیکس کو ریشنلائز کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گاڑیوں کی ای رجسٹریشن کیلئے ای ٹائٹل ڈاکومنٹ کا آغاز کرنے سے ٹیکس کولیکشن میں 12.5 فیصداضافہ ہوا۔اجلاس میں افیون فیکٹری کی بحالی کا جائزہ لیا گیا جس سے فارماسیوٹیکل میں 900 ملین روپے کا فائدہ ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ دستک پروگرام کے ذریعے سروسز فراہم کرے گا۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ چالان کی ریکوری کیلئے کام کرے گا۔ سابق سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری،سیکرٹریز خزانہ، ایکسائزاور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات