بلوچستان میں ہیلتھ سروسز کو بہتر بناکر غریبوں کو ریلیف فراہم کریں گے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

بدھ 27 مارچ 2024 23:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور صحت کے شعبے میں ڈاکٹرز کو درپیش مسائل اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غیر حاضری پر زیرو ٹالیرنس پالیسی پر اتفاق کرتے ہوئے بڑی اسپتالوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا جبکہ اسپتالوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے خدمات کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں ہیلتھ سروسز کو بہتر بناکر غریبوں کو ریلیف فراہم کریں گے اس ضمن میں ڈاکٹرز اور اسٹیک ہولڈرز کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا مل بیٹھ کر مشاورت سے ہیلتھ کئیر سسٹم کی فعالیت اور بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر حاضر اور دہری ملازمت کے حامل ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی ہوگی ساتھ ساتھ حاضر باش ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ضلعی افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا تقرر میرٹ پر کیا جائے گا تقرری کے بعد افسران کی تعیناتی کے دورانیہ کو تحفظ دیا جائے گا تاکہ وہ پوری یکسوئی سے کار سرکار کی انجام دہی کرسکیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقامی سطح پر عوامی امور کی سہل انجام دہی کے لئے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کریں گے ۔