صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 12 کچھی کے انتخابی نتائج باریسردار یار محمد رند کی انتخابی عذرداری درخواست خارج

بدھ 27 مارچ 2024 23:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 12 کچھی کے انتخابی نتائج کے حوالے سے سابق صوبائی وزیر سردار یار محمد رند کی انتخابی عذرداری درخواست خارج کردی ، گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 12 کچھی کے انتخابی نتائج کے حوالے سے سردار یار محمد رند کی انتخابی عذرداری پر سماعت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران نثار احمد درانی اور بابر حسن نے کی دوران سماعت درخواست گزار سردار یار محمد رند کے وکیل کامران مرتضی ایڈووکیٹ نے 8 فروری 2024 ء کو ہونے والے عام انتخابات میں حلقہ پی بی 12 کچھی سے متعلق اعتراضات پر اپنے دلائل الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے اس دوران مدعاعلیہ کے وکیل ملک قاسم افضل نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اعتراض شدہ پولنگ اسٹیشنز پر درخواست گزار نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں، دوران سماعت ریٹرننگ افسر نے اپنی تفصیلی رپورٹ الیکشن کمیشن کے رو برو پیش کی بعدازں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری تحریری حکمانے میں کہا گیا کہ آر او کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے خاص طور پر بیلٹ پیپرز کے غائب ہونے کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ حلقے میں پورا انتخابی عمل پرامن اور قانون کے مطابق ہوا۔

(جاری ہے)

حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران نے فریقین کے دلائل سنے ہیں اور ریکارڈ کا جائزہ لیا ہے، درخواستوں اور ضمیمہ جات کا بھی جائزہ لیا ہے اوریہ بات واضح ہے کہ متنازعہ حقائق کے بارے میں سنجیدہ سوالات موجود ہیں۔ درخواست گزار کے ساتھ ساتھ مدعاعالیہ اور آر او کی تصدیق کو فوائد اور نقصانات کے ثبوتوںکو شامل کیے بغیر مناسب طریقے سے تسلیم نہیں کیا جاسکتا ہے جس میں متعدد گواہوں سے پوچھ گچھ کی ضرورت ہے۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ جب قانون نے الیکشن ٹریبونلز کی شکل میں ایک مخصوص فورم فراہم کیا ہے، جسے الیکشن ایکٹ، 2017 کی دفعہ 140 کے تحت مقرر کیا گیا ہے۔حکم نامے مین کہا گیا ہے کہ سردار یار محمد رند چاہیں تو الیکشن ٹربیونل سے رجوع کر سکتے ہیں ۔