اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خیبر پختونخواہ کے شہر بشام میں دہشت گرد حملے کی مذمت

جمعرات 28 مارچ 2024 10:20

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواکے شہر بشام کے قریب ہونے والے دہشت گرد حملے کو گھناؤنا اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے، اس حملے میں پانچ چینی اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرہ خاندانوں اور پاکستان اور چین کی حکومتوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

سلامتی کونسل نے گزشتہ روز ایک پریس بیان میں زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کونسل کے اراکین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لئےسب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونت اور سپانسر کرنے والوں کا احتساب کرنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اس سلسلے میں پاکستان اور چین کی حکومتوں کے ساتھ ساتھ دیگر تمام متعلقہ حکام کے ساتھ فعال تعاون کریں۔ کونسل کے اراکین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے چاہے اس کا محرک کچھ بھی ہو، جہاں بھی، جب بھی اور جس نے بھی کی ہو۔ انہوں نے تمام ریاستوں کو دہشت گردی کی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو درپیش خطرات کا ہر طرح سے مقابلہ کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ \932