ماسکو مشرقی یورپ میں امریکی اتحادی ریاستوں کے ساتھ تصادم کا خواہاں نہیں ہے. روسی صدر

نیٹواتحادی ہماری سرحدوں کے قریب آرہے ہیں صورتحال پر گہری نظر ہے. ولادیمیر پوٹن کی فضائی اڈاے کے دورے کے دوران گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 مارچ 2024 13:35

ماسکو مشرقی یورپ میں امریکی اتحادی ریاستوں کے ساتھ تصادم کا خواہاں ..
ماسکو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 مارچ۔2024 ) روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ ماسکو مشرقی یورپ میں امریکی اتحادی ریاستوں کے ساتھ تصادم کا خواہاں نہیں ہے ‘نیٹواتحادی ہماری سرحدوں کے قریب آرہے ہیں صورتحال پر گہری نظر ہے. روسی نشریاتی ادارے کے مطابق انہوں نے نے تورزوک ایئربیس کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعوے کہ ہم یوکرین کے بعد یورپ پر حملہ کرنے جا رہے ہیں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں ایسے دعوﺅں سے ان کی حکومتیں اپنے عوام کو ڈرا کر زیادہ سے زیادہ پیسے نکلوارہی ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا اور بڑے مغربی ممالک اپنا اسلحہ بیچنے کے لیے خوف پیدا کررہے ہیں صدر پوٹن نے کہا کہ مشرقی یورپ میں امریکی ”سیٹیلائٹس“ کے پاس ڈرانے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہے پولینڈ، جمہوریہ چیک، یا بالٹک ریاستوں پر ممکنہ روسی حملے کی بات ان ریاستوں کی حکومتوں کاپروپیگنڈا ہے جو اپنے شہریوں سے اضافی اخراجات نکالنے کے لیے اور اضافی اخراجات کا بوجھ ان کے کندھوں پر ڈالنے کے لیے ڈرانا چاہتی ہیں.

روسی صدر نے کہا کہ نیٹو روس کی سرحدوں کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ روس محض اپنی سرحدوں اور لوگوں کی حفاظت کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ امریکا اتحادیوں کے ساتھ ہماری سرحدوں تک آیا کیا ہم سمندر پار کر کے امریکہ کی سرحدوں تک گئے؟ نہیں. انہوں نے خبردار کیا کہ نیٹو کی روسی سرحدوں کے قریب موجودگی ناقابل برداشت ہے ‘متعدد مغربی حکام نے یہ دعویٰ کر کے یوکرین کو اضافی امداد دینے کی کوشش کی ہے کہ اگر میدان جنگ میں کیف کو شکست ہوئی تو ماسکو آگے بڑھ کر دیگر ریاستوں پر بھی قبضہ کرلے گا انہوں نے کہا کہ روسی دفاعی اخراجات اور نیٹو افواج کے بجٹ میں تفاوت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ محض جھوٹ ہے جسے پھیلایا جارہا ہے.