قتل کے مقدمہ میں مطلوب بیرون ملک مفرور ایک اور خطرناک اشتہاری کویت سے گرفتار

رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 25ہو گئی‘ ترجمان پنجاب پولیس

جمعرات 28 مارچ 2024 15:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) قتل کے مقدمہ میں مطلوب بیرون ملک مفرور ایک اور خطرناک اشتہاری کو کویت سے گرفتار کر لیا گیا ، رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی ۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتہاری مجرم افتخار علی نے گذشتہ برس تھانہ لالہ موسی گجرات کے علاقہ میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ، مجرم بعد ازاں روپوش ہوکر بیرون ملک فرار ہوگیا ، پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کرواکر ملزم کو گرفتار کیا ۔

قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اشتہاری کی کویت سے ایسٹراڈیشن کروائی گئی ہے۔ ائیر پورٹ پر گجرات پولیس نے اشتہاری مجرم افتخار علی کو حراست میں لے لیا ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کویت سے خطرناک اشتہاری گرفتار کرنے پر سپیشل آپریشن سیل پولیس کو شاباش دی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے ۔