کراچی، خاتون اتائی کی مبینہ غفلت سے 19 سالہ ماہم کی موت ، مقدمہ درج

والد کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعات شامل ، محکمہ صحت نے کلینک سیل کردیا جبکہ اتائی خاتون اوراسٹاف فرار ہوگیا

جمعرات 28 مارچ 2024 15:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) کورنگی میں خاتون اتائی کی مبینہ غفلت سے انیس سالہ ماہم کی موت کا مقدمہ درج کرلیاگیا، محکمہ صحت نے کلینک سیل کردیا جبکہ اتائی خاتون اوراسٹاف فرار ہوگیا۔تفصیلات کیمطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5میں عطائی لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے 19 سالہ ماہم موت کے منہ میں چلی گئی ، عوامی کالونی پولیس نے کئی دن کی ٹال مٹول کے بعد واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔

والد کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعات شامل کی گئی ہیں، والد نے بتایا کہ نجی میڈیکل میں میری بیٹی کی ڈلیوری ہوئی اوربچی پیدا ہوئی، نجی میڈیکل میں ڈلیوری کرنے والی ثنا خود کو ڈاکٹربتاتی تھی، اتائی نے ڈلیوری کے 2گھنٹے بعد چھٹی دیتے ہوئے کہا گھر لے جائو۔

(جاری ہے)

مدعی مقدمہ نے کہاکہ بعد میں میری بیٹی کی طبیعت خراب ہونے لگی تو جناح اسپتال لے گئے تو جناح اسپتال میں دوران علاج ڈاکٹروں نے کہا ڈلیوری صحیح نہیں ہوئی، ڈاکٹروں کے مطابق انفیکشن ہوا ہے اور دوران علاج بیٹی فوت ہوگئی۔

والد نے کہا کہ نجی میڈیکل چلانیوالی ثناکیخلاف کارروائی چاہتا ہوں تاہم مقدمے کے اندراج کے بعد محکمہ صحت نے کلینک کو سیل کردیا جبکہ پولیس اور محکمہ صحت کی غفلت کے باعث واقعہ میں ملوث عطائی لیڈی ڈاکٹر اور اسٹاف فرار ہوگیا ہے۔