کراچی میں دفتر جاتے 2 نوجوانوں کی موت کیسے ہوئی سی سی ٹی وی میں وجہ سامنے آگئی

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بس ڈرائیور ریس لگاتا آرہا تھا اور موٹرسائیکل سوارکو روندتا چلا گیا

جمعرات 28 مارچ 2024 15:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) ایم اے جناح روڈ موبائل مارکیٹ موڑ پر ٹریفک حادثے کی کلوز سرکٹ ٹی وی سامنے آگئی، جس میں بدمست ڈرائیور موٹرسائیکل سواروں کو روندتا چلا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ موبائل مارکیٹ موڑ پر ٹریفک حادثہ کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملازمت پر جاتے دو نوجوانوں کی موت کیسے ہوئی۔

(جاری ہے)

کلوزسرکٹ ٹی وی میں دیکھا گیا کہ بس ڈرائیور ریس لگاتا آرہا تھا اور موٹرسائیکل سوارکو روندتا چلا گیا اور بدمست ڈرائیورنے ثنا اللہ اور دانش کی زندگیوں کا چراغ گل کردیا۔ریس لگاتی دوسری بس نے اچانک سے بریک لگائی تاہم حادثے کے بعد ڈرائیوراورکنڈیکٹرموقع سے فرار ہوگئے۔گذشتہ روز ایم اے جناح روڈ پر تیز رفتار بس کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے تھے ، حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت دانش اور ثنا اللہ کے ناموں سے ہوئی تھی۔دانش ایچ ایم نامی کمپنی میں اسسٹنٹ ایکسپورٹ منیجرتھا،، حادثے میں جاں بحق ثنا اللہ نجی بینک میں ملازمت کرتا تھا، اہل خانہ کے مطابق دانش آج موٹر سائیکل سوار سے لفٹ لیکردفتر جارہا تھا۔