الخدمت کے تحت " کنیکٹ 2024 کی تقریب ،ایوارڈزاور اسناد تقسیم کی گئیں

جمعرات 28 مارچ 2024 17:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) الخدمت کراچی کے تحت " کنیکٹ 2024 کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایوارڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹوالخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت زندگی کے 8 شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہی ہے مگراس کا ہرشعبہ وسعت کے اعتبار سے بہت بڑا ہے۔ الخدمت کے’’ بنوقابل پروگرام ’’ کے تحت پہلے بیج میں 10 ہزارسے زائد بچوں نے آئی ٹی کا کورس مکمل کیا اوراب بنو قابل کی پزیرائی ملک بھر میں ہورہی ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ آج ہرخاص و عام کی زبان پر الخدمت کا نام ہے۔یہ اس کے کاموں اور خدمات کی وجہ سے ہے۔ اس خدمت کے کام میں ہمیں اقامت دین کے کام کو بھی شامل کرنا ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر مواخات و فیملی سپورٹ پروگرام یوسف محی الدین ،ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کملانی ، ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹرثاقب انصاری ،ڈائریکٹر اینڈ ایچ آر کمپلائنس منیر یعقوب ، چیف فنا نشل آفیسر ابوالاعلی صدیقی،الخدمت ہیڈآفس کے کارکنان، اسپتالوں کے ایڈمنسٹریٹرز، منیجرز اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

انجینئر صابر احمد نے لیکچر دیا۔نوید علی بیگ نے کہاا کہ الخدمت کی فلسطین میں بھی خدمات کو سراہا جا رہا ہے ،جس کی تعریف الجزیرہ نے بھی کی ہے۔اس وقت فلسطینی مسلمان جس قرب کا شکار ہیں وہ ناقابل بیان ہے۔ 70 فیصد بچے اور خواتین شہید ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو مشکل گھڑی میں اپنی دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔ نوید علی بیگ نے تمام ڈائریکٹرز کو اعزازی طور پر خدمات انجام دینے پرخراج تحسین پیش کیا۔

ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ الحمدللہ یہ پروگرام 4 سال سے تسلسل کے ساتھ ہو رہا ہے، جس میں کارکنان کی کارکردگی اور صلاحیتوں کا اعتراف کیا جا تا ہے۔الخدمت کا نیٹ ورک کراچی بھرمیں موجود ہے۔اس کے تمام یونٹس میں 1600 کے قریب عملہ موجود ہے۔ الخدمت کی خدمت کا سفر جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس رضاکاروں کی بڑی ٹیم ہے۔ یہاں کے ڈائریکٹرز اعزازی طور پر کام کرتے ہیں۔

الخدمت جیسا نیٹ ورک پورے پاکستان میں کسی این جی او کا نہیں۔ہمیں فخر ہے کہ ہم اس سے منسلک ہیں ،سالانہ پروگرام کوہم جاری رکھیں گے۔ اس میں کارکنان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔تقریب میں مختلف شعبہ جات کے کارکنان میں مختلف کیٹگریز کے ایوارڈزاور اسناد تقسیم کی گئیں۔ بہترین کارکردگی پر ایمپلائی آف دی ایئر‘‘ کا ایوارڈ سینئر منیجر میڈیکل سروسز انوار عالم اور سینئر منیجر منظر عالم کو دیا گیا جبکہ مختلف شعبہ جات میں بہترین کارکردگی پر "چیمپئن ٹرافی شعبہ میڈیا اینڈ مارکیٹنگ، شعبہ فارمیسی اور شعبہ ایڈمن کو دی گئی ،جو منیجرز نے اپنی ٹیم کے ہمرا ہ وصول کیں جبکہ تین کیٹگریز میں ایکسیلینس ایوارڈ بھی دیے گئے۔