پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن میں وفاقی وزیر احسن اقبال کے بیٹے کا مقابلہ کرنے کیلئے اویس قاسم خاں کو میدان میں اتار دیا

جمعرات 28 مارچ 2024 21:44

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن میں وفاقی وزیر احسن اقبال کے بیٹے کا مقابلہ کرنے کے لیے اویس قاسم خاں کو میدان میں اتار دیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نارووال میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 54ظفروال کے 21اپریل کو ہونیوالے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے سابق ایم پی اے اویس قاسم خاں میدان میں اتار دیا ہے،اویس قاسم خاں اس حلقہ سے پہلے بھی دو مرتبہ ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں اور 8فروری کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا۔

تحریک انصاف کی حمایت ملنے کے بعد سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحب زادہ حامد رضا نے انہیں ٹکٹ جاری کر دیا ہے اب انکا مقابلہ وفاقی وزیر احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال سے ہو گا جسکی وجہ سے یہ حلقہ پورے پاکستان میں مرکز نگاہ بنا ہوا ہے۔ یہ نشست احسن اقبال نے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے باعث خالی کی ہے۔