چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں سائنسی بنیاد پر عید الفطر کی تاریخ بتا دی

سائنسی بنیاد پر رواں سال رمضان المبارک 29 ایام کا ہونے کا امکان، 29 ویں روزے کو چاند کی عمر 20 گھنٹے ہو گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 28 مارچ 2024 19:13

چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں سائنسی بنیاد پر عید الفطر کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2024ء) چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں سائنسی بنیاد پر عید الفطر کی تاریخ بتا دی، سائنسی بنیاد پر رواں سال رمضان المبارک 29 ایام کا ہونے کا امکان، 29 ویں روزے کو چاند کی عمر 20 گھنٹے ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام قریب آنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الفطر کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

جبکہ کروڑوں مسلمان یہ جاننے کیلئے بھی کوشاں ہیں کہ عید الفطر کس تاریخ کو ہو گی۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیرآزاد نے سائنسی بنیاد پر عید کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہر کردیا ، جس کےمطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہوسکتی ہے۔ مولانا عبدالخبیرآزاد نے سائنسی بنیاد پر عید کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ سائنسی لحاظ سے چاند کی عمر 20 گھنٹے کے قریب اور زاویہ بھی 10 ڈگری ہوگا۔

(جاری ہے)

اگر شوال کا چاند 29 کا ہوا تو اس کے مطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب شوال کے چاند کی پیدائش کی تاریخ بھی بتا دی گئی ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 8 اپریل 2024 کو مکمل سورج گرہن کے واقع ہونے کے ساتھ موافق ہوگی، آدھی رات سے پہلے چاند کے ظاہر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ یہ اسلامی دنیا کے بیشتر حصوں میں اگلے دن غروب آفتاب کے بعد نظر آئے گا۔

جبکہ متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا 30 روزوں کے بعد اختتام ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر فلکیات ابراہیم الجروان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر 10 اپریل 2024 بروز بدھ کو ہونے کی توقع ہے۔ یعنی متحدہ عرب امارات میں بھی 29 رمضان المبارک کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ یوں رمضان المبارک کے پورے 30 روزوں کے بعد ہی امارات میں عید الفطر منائی جائے گی۔