کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش

بلوچستان کو خیبر پختونخواء سے ملانے والی ژوب ڈی آء یخان شاہراہ لینڈ سلائیڈ نگ کے باعث بند، کوئٹہ کی سڑکیں ند ی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں

جمعرات 28 مارچ 2024 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش ،بلوچستان کو خیبر پختونخواء سے ملانے والی ژوب ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ لینڈ سلائیڈ نگ کے باعث بند، کوئٹہ کی سڑکیں ند ی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے علاقوں ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، سبی، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ، قلات ، نصیر آباداور خضدار میں تیز ہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔

موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ میں بجلی ،گیس، سڑکوں کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا شہر کے متعدد علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہی جبکہ گیس کا پریشر بھی نہ ہونے کے برابر رہا ۔

(جاری ہے)

کوئٹہ میں بارش اور ژالہ باری نے صفائی کے دعوئوں کی قعلی کھول کر رکھ دی شہر کے وسطی علاقے جنا ح روڈ، سرکی روڈ، زرغون روڈ، سریاب روڈ،جیل روڈ،وائٹ روڈ پر بارشوں کا پانی ند ی نالوں کی طرح بہتا رہا جبکہ شہر میں میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت کسی بھی قسم کی ضلعی انتظامیہ کی مشینری متحرک نظر نہیں آئی ۔

دوسری جانب بلوچستان کو خیبر پختونخواء سے ملانے والی ژوب ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ دانہ سر کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام کے مطابق سڑک کو کھولنے کے لئے مشینری کو متحرک کردیا گیا ہے تاہم این 50شاہراہ کی مکمل بحالی میں 72گھنٹے لگ سکتے ہیں ،این ایچ اے حکام نے ژوب کی جانب آنے والی ٹریفک کو روک کر قلعہ سیف اللہ لورالائی شاہراہ کی جانب بھیجنے کی بھی سفارش کردی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کو کوئٹہ ، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اورقلعہ سیف اللہ میں تیز ہوائوںآندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان تاہم جنوبی اضلاع میں آندھی ،جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔