Live Updates

وزیر بلدیات سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، ’’ستھرا پنجاب‘‘ میں تعاون کی پیشکش

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پروگرام کا خیرمقدم، امریکی تجربے سے فائدہ اٹھائیں‘ کرسٹن ہاکنز ویسٹ مینجمنٹ کے چیلنج سے نبٹنے کے لئے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے‘ وزیر بلدیات ذیشان رفیق

جمعہ 29 مارچ 2024 03:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق سے امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنز نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، امریکی پولیٹیکل/ اکانومک چیف نکولس کاٹساکی اور پولیٹیکل سپیشلسٹ محمد دائم فضل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور بالخصوص مقامی حکومتوں کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ کے عمل میں پنجاب حکومت کو تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں امریکی تجربے سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ کوڑے کی ری سائیکلنگ کا عمل ماحولیاتی تبدیلی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس حوالے سے فریقین کو اشتراک کار بڑھانا چاہیے ۔امریکی قونصل جنرل نے شہری امور میں سول سوسائٹی کے زیادہ کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کرسٹن ہاکنز کو بتایا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام سمیت تمام عوام دوست منصوبوں میں سیاسی عزم شامل ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف دیہات میں بھی شہروں کے برابر میونسپل خدمات کی فراہمی چاہتی ہیں۔

نئی صورتحال میں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نئے ماڈل ضروری ہیں۔ پہلی بار میونسپل خدمات کے شعبے میں لوکل کمیونٹی کو شامل کیا جا رہا ہے۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ دیہات میں مقامی افراد، خواتین پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو گھر بیٹھے آن لائن خدمات کی فراہمی وزیراعلیٰ کا فوکس ہے۔ برتھ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، نکاح کی رجسٹریشن اور دیگر سہولیات عوام کو اں کے گھر کی دہلیز پر مہیا کی جائیں گی۔

وزیر بلدیات نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ موجودہ پنجاب حکومت ایسا دیرپا اور مستحکم نظام قائم کرنا چاہتی ہے جسے اپوزیشن کی حمایت بھی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کے چیلنج سے نبٹنے کے لئے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے اور اس ضمن میں امریکی حکومت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے امریکی قونصل جنرل کو بتایا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو الگ بااختیار سیکرٹریٹ کی سہولت حاصل ہے جس کی وجہ سے مقامی سطح پر مسائل کے حل میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوڑا ڈمپ کرنے کے لئے پنجاب میں 23 جدید لینڈ فل سائٹس کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ورلڈ بنک کے تعاون سے راولپنڈی اور بہاولپور میں ماڈل میونسپل پراجیکٹ کامیابی کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات