وزیر اعلیٰ کے پی کے سے وزیر داخلہ کی ملاقات ، امن وامان کی صورتحال پر گفتگو

ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے، محسن نقوی

جمعہ 29 مارچ 2024 03:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے،پوری طاقت سے ملک دشمنوں کو جواب دیں گے، دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے۔ وہ جمعرات کو وزیر اعلی ہائوس پشاور میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراعلی ہائوس آمد پر خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیرمقدم کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا سے ملاقات کی جس میں صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا کاخود کش حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس اور چینی حکومت ،عوام اور مرنے والے چینی شہریوں کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔حملے کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم بھی کیا گیا ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کے عناصر قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے موثر کوآرڈینیشن کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ وزیر اعلی سندھ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے ذیادہ متاثر ہوا ہے۔