چین کی سمارٹ فون کمپنی شیاؤمی نے اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی متعارف کروا دی

جمعہ 29 مارچ 2024 10:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) چین کی سمارٹ فون کمپنی شیاؤمی نے اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی ایس یو 7 متعارف کروا دی ۔ بی بی سی کے مطابق شیاؤمی کے چیف ایگزیکٹو لی جون نے کہا ہے کہ کمپنی نے ایک ایسے وقت میں الیکٹرک کار متعارف کروائی ہے جب دُنیا بھر میں ان گاڑیوں میں لوگوں کی دلچسپی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور ان گاڑیوں کی قیمتوں پر بھی کمپنیوں کے درمیان ایک رسہ کشی کی صورتحال بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس یو 7کا فون اور لیپ ٹاپ سے منسلک آپریٹنگ سسٹم اور اس میں نصب دیگر ڈیوائسز صارفین کی ای ویز میں دلچسپی بڑھا دیں گی ۔ ابتدائی طور پر شیاؤمی کی گاڑی ’سپیڈ الٹرا(ایس یو 7) کی قیمت 29 ہزار 900 ڈالر ہوگی۔ ابتدائی طور پر شیاؤمی کی الیکٹرک کاریں چینی حکومت کی ملکیت بائیک گروپ کے بیجنگ میں واقع پلانٹ میں بنائی جائیں گی، اس پلانٹ کے پاس سالانہ دو لاکھ گاڑیاں بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ لی جون نے کہا ہے کہ آئندہ 10 برسوں میں اپنی گاڑیوں کے کاروبار پر 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔