رواں سال معیشت کا آغاز بہتراندازمیں ہوا ہے، پی ایس ایکس اور چینی ایکسچینجز کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے، وزیرخزانہ

جمعہ 29 مارچ 2024 11:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے ساتھ 2024 میں بہتراندازمیں معیشت کا آغاز ہوا ہے،وزارت خزانہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے سرمائے تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے کیپٹل مارکیٹ کے ساتھ مل کر کام کرے گی، پاکستان سٹاک ایکسچینج اور چینی ایکسچینجز کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون پاکستان کی اقتصادی ترقی اور دونوںممالک کے باہمی مفاد کے لیے اہم ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کے دورے پر’’ گونگ‘‘ (گھنٹی بجا کر سٹاک ایکسچینج میں کاروبار شروع کرنے کی )تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے ساتھ 2024 میں معیشت کا آغاز بہتر انداز میں ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ وزارت قانون اور ایف بی آر کے ساتھ مل کر ٹیکس ریونیو میں ہونے والی لیکیج کو دور کرنے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے آئی ایم ایف کے جائزے کی تکمیل اور آئی ایم ایف کے ساتھ مستقبل میں روابط کے امکان سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ملکیتی اداروں ، نجکاری اور توانائی سمیت ٹیکس کے شعبہ میں پرکام ہورہاہے ۔ وزیر خزانہ نے اقتصادی ترقی میں نجی شعبے کے کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا اورکہاکہ نجی شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت کاحامل ہے۔

حکومت نجی شعبہ کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ وزیر خزانہ نے معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں کیپٹل مارکیٹس کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہاکہ حکومت سیکورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن اور ایس آراوز کے ساتھ مل کر کیپٹل مارکیٹ میں کام کرے گی تاکہ معاشی ترقی لیے سازگار ریگولیٹری ماحول پیدا کیا جا سکے۔ حکومت مارکیٹ کی کارکردگی، شفافیت اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو بڑھانے کے لیے کیپٹل مارکیٹ پر مزید توجہ مرکوز کرے گی۔

انہوں نے ملکی ترقی میں ایم ایس ایز کی اہمیت کو بھی اجاگرکیا اورکہاکہ وزارت خزانہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے سرمائے تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے کیپٹل مارکیٹ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ وزیرخزانہ نے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں چینی شراکت داری اور اسٹیک ہولڈنگ کا شکریہ ادا کیا اور حکومت پاکستان کی جانب سے چینی سرمایہ کاری کی اہمیت کو سراہا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اور چینی ایکسچینجز کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون پاکستان کی اقتصادی ترقی اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے اہم ہے۔\932