جدہ کے تاریخی علاقے کی قدیم عمارتوں کی اصلاح و مرمت کا کام مکمل

ولی عہد نے اپنے ذاتی فنڈ سے 50 ملین ریال کی اعانت کی تھی،وزارت ثقافت

جمعہ 29 مارچ 2024 12:05

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) سعودی وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جدہ کے تاریخی علاقے کی 56 قدیم و مخدوش عمارتوں کی اصلاح و مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ۔مملکت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت ثقافت کا کہنا تھا کہ ولی عہد نے جدہ کی تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنے ذاتی فنڈ سے 50 ملین ریال کی اعانت کی تھی۔

تاریخی مقامات کو محفوظ بنانے کیلیے جامع منصوبے پر کام جاری ہے۔ مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں تاریخی علاقوں کی بحالی اور انہیں نمایاں انداز میں پیش کرنا شامل ہے۔واضح رہے جدہ کے قدیم تاریخی علاقے کی بحالی کے منصوبے کے تحت 600 قدیم عمارتوں اور 36 مساجد، پانچ مرکزی و تاریخی بازار شامل ہیں جنہیں عہد رفتہ کی یادگار کے طور پر تاریخی مقامات قرار دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ساحلی شہر کے یہ قدیم مقامات ماضی میں بھی غیرمعمولی شہرت کے حامل تھے۔ یہاں دنیا بھر سے سمندری راستے سے آنے والے زائرین اور عازمین حج کے قافلے پہنچا کرتے تھے۔ جدہ کے قدیم علاقے البد میں موجود پرانی عمارتوں میں سے بعض کی عمر 500 برس سے بھی زیادہ ہے جنہیں تاریخی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔اس حوالے سے ولی عہد مملکت نے سال 2021 میں جدہ کے تاریخی علاقے کی از سرنو بحالی کے منصوبے کی منظوری جاری کی تھی۔ اس حوالے سے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے وہاں ترقیاتی کام جاری ہے۔ متعدد مقامات اس وقت عام لوگوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں جبکہ سیاح بھی یہاں کا دورہ ضرور کرتے ہیں۔