بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت 3 اپریل تک ملتوی

جمعہ 29 مارچ 2024 12:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست گزار وکیل کو دلائل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت3اپریل تک ملتوی کردی۔ سماعت کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے، ہم مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے تحریک انصاف لائرز فورم کے صدر افضال عظیم کی درخواست پر جمعہ کو ابتدائی سماعت کی ۔درخواست میں وفاقی حکومت اور ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا اور موقف اختیار کیا کہ سکیورٹی خدشات سے متعلق رپورٹ طلب کروں گا، بانی پی ٹی آئی ہوں یا اللہ دتہ ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری ہماری ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دیے کہ پہلے لیاقت علی خان اور پھر بے نظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے،چیک کریں ان کو کس لیول کے سکیورٹی خدشات ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ یہ درخواست راولپنڈی بینچ میں سنی جاسکتی ہے، پرنسپل سیٹ پر نہیں، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کارروائی 3اپریل تک ملتوی کردی ۔