شہر قائد میں اب ماحولیات کو نقصان پہنچانے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی،نعیم مغل

غیر ٹریٹ شدہ فضلے کو سیوریج میں ڈالنے والی صنعتیں سیپا قوانین کی زد میں آئیں گی،ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ

جمعہ 29 مارچ 2024 13:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) شہر قائد میں اب ماحولیات کو نقصان پہنچانے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی، غیر ٹریٹ شدہ فضلے کو سیوریج میں ڈالنے والی صنعتیں سیپا قوانین کی زد میں آئیں گی۔ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ نعیم احمد مغل نے کہا کہ کراچی کی تمام تجارتی اور صنعتی انجمنوں کو گندے پانی کی صفائی کے پلانٹ کی تنصیب کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے، اور سیپا قوانین کا اطلاق بحیرہ عرب میں غیر ٹریٹ شدہ فضلے کے اخراج کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا گندہ اور صنعتی پانی سمندری ماحولیاتی نظام اور حیات کو مسلسل نقصان پہنچا رہا ہے، سندھ ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 2014 کا سیکشن 11 تمام صنعتوں، کاروبار اور دیگر اداروں کو ہوا، پانی اور زمین کی آلودگی سے بچانے کا پابند بناتا ہے، جب کہ سیکشن 21 کے ضوابط کو نافذ کرنے اور عمل نہ کرنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار دیتا ہے۔سیپا کے مطابق وہ صنعتیں جو ان ضوابط کی پابندی نہیں کرتیں اور ضروری صفائی کے پلانٹ نصب نہیں کرتیں، قانونی نتائج کا سامنا کریں گی۔