پشاور،معاون خصوصی برائے صنعت کی زیر صدارت اجلاس، ضلع خیبر میں کریش پلانٹس مالکان کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 29 مارچ 2024 13:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبد الکریم تورڈھیر کی زیر صدارت جمعے کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس ہوا جس میں ضلع خیبر میں کرش پلانٹس مالکان کو درپیش بعض مسائل کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں تحصیل باڑہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبد الغنی آفریدی کے علاؤہ سپیشل سیکرٹری صنعت انور خان،ڈی جی صنعت کبیر آفریدی،ڈپٹی ایم ڈی ایس آئی ڈی بی نعمان فیاض سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیبر،کرش پلانٹس اور مائننگ ایسوسی ایشنز خیبر کے صدور،محکمہ ہائے ماحولیات اور داخلہ کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں رکن اسمبلی عبدالغنی افریدی کی معیت میں کرش پلانٹس مالکان اور ان کی انجمنوں کے سربراہوں نے ضلع میں کرش پلانٹس کی عرصہ دراز سے بندش اور اس کی وجہ سے ہزاروں وابستہ افراد کے بے روزگاری سے متعلق معاون خصوصی کو آگاہ کیا اور کہا کہ اس اقدام کی وجہ سے مقامی آبادی اورعوام میں تشویش پائی جاتی ہے اس لئے اس کا پائیدار حل نکالا جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ صنعت کے افسران نے ضلع میں ضروری لوازمات پر پورے اترنے والے کرش پلانٹس اور غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے بندکرش پلانٹس کے اعداد وشمار سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔معاون خصوصی نے اس موقع پر مقامی کرش پلانٹس اور مائننگ ایسوسی ایشن کی گزارشات حل کرنے اور انہیں متعلقہ فورمز پر اٹھانے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ مذکورہ صنعتوں سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے لہذا اس مسئلے کے بہترحل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام ادارے اور متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریں تاکہ ایک مناسب اور جامع حل نکالا جا سکے۔