عید الفطر کے دنوں میں تحفظ عامہ کے لیے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ، حسین شاہد

جمعہ 29 مارچ 2024 15:19

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) ایس ڈی پی او سرکل سمبڑیال رضا کار حسین شاہد نے کہا ہے کہ عید پر سرکل میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیحات ہیں ، عید الفطر سے قبل اور عید الفطر کے دنوں میں تحفظ عامہ کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے کر شہر سمبڑیال میں سکیورٹی پلان پر باضابطہ طور پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، پولیس کے جوانوں پر مشتمل دستوں نے مین روڈ سمیت اہم پبلک مقامات پر ابھی سے گشت کا آغاز کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایس ڈی پی او سرکل سمبڑیال نے کہا کہ عید الفطر سے قبل اور عید الفطر کے دنوں میں شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی، جبکہ عید الفطر کی خریداری کےحوالے سے شاپنگ پلازوں، مالز، مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کے تحت پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں تا کہ خریداری کے لیے آنے والے شہریوں اور تاجر برادری کو بھر پور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں مرکزی انجمن تاجران کے سر پرست اعلیٰ حاجی شیخ حبیب اللہ مرکزی صدر انجمن تاجران شیخ طاہر دانش اور صدر انجمن تاجران پرانا بازار شیخ ثنا اللہ نے شرکت کی۔