پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈیرہ غازی خان میں کارروائیاں جاری،متعدد فوڈ پوائنٹس کو جرمانے

جمعہ 29 مارچ 2024 17:47

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کارروائیاں جاری،قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر بھاری جرمانے عائد،ملاوٹی دودھ اور غیر معیاری مشروبات کو تلف کر دیا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر عوام تک معیاری خوراک پہچانے کے لیے پنجاب بھر میں کارروائیاں جاری ہیں اورپوسٹ آفس ڈی جی خان میں ہوٹل کو کھانوں کی تیاری میں رینسڈ آئل کا استعمال کرنے،گندے فریزر میں خوراک سٹور کرنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

اسی طرح کالج چوک علی پور،خان پور بگا مظفرگڑھ میں 3 ہوٹلز کو فلٹر چینج ریکارڈ نہ ہونے،خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر 24 ہزارروپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ خیر پور چوک مظفرگڑھ میں ملک شاپ کو دودھ کی خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ واضح نہ کرنے،ورکرز کے میڈیکلز سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 10 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔مزید لیہ میں ناکہ بندی کے دوران دودھ بردار گاڑی کو چیک کیا گیا۔ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔ملاوٹ ثابت ہونے پر سینکڑوں لٹر دودھ تلف کر کے گاڑی مالکان کو بہتری کے لیے ہدایات جاری کر دیں گئیں۔