سی پیک سمیت سرمایہ کاری منصوبوں پر کام کر رہے چینی و غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی ہماری اولین ذمہ داری ہے‘ ڈاکٹر عثمان انور

جمعہ 29 مارچ 2024 18:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے غیر ملکی سرمایہ کاری اور سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی بارے اہم پیغام جاری کیا ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ملک میں جمہوری اور سیاسی استحکام آنے کے بعد سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری، انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی راہ ہموار ہوئی ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پاکستان کے اندر بیرونی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی ترقیاتی پراجیکٹس ملکی ترقی کی ضمانت ہیں تاہم پاکستان کے سیاسی و معاشی استحکام سے خائف ہمارا دشمن دہشت گردی کے ذریعے ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سی پیک سمیت سرمایہ کاری منصوبوں پر کام کر رہے چینی و غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی ہماری اولین ذمہ داری ہے، سپیشل پروٹیکشن یونٹ، ایلیٹ، ایگزیکٹو پولیس سی پیک و دیگر منصوبوں پر چینی و غیر ملکی شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ، ایلیٹ اور ایگزیکٹو پولیس کا ملکی سکیورٹی اور تعمیر و ترقی میں خصوصی کردار ہے،پنجاب پولیس سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر ملکی ترقی کے دشمنوں اور دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائے گی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس فورس جس بھی مقام پر ڈیوٹی کر رہی ہے درحقیقت وہ ملکی معاشی استحکام میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے اور پنجاب پولیس کا ہر افسر و جوان نے اپنا یہ کردار بھرپور محنت، خلوص نیت اور قومی جذبے کے تحت ادا کرتارہے گا۔