وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر کا دورہ ، اجلاس کی صدارت کی

جمعہ 29 مارچ 2024 23:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈ کوارٹر آمد،کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایف سی کے افسران سے تعارف کرایا گیا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہدائ پر حاضری دی، یادگار شہداء پرپھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ، ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی ۔

بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف سی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ نے ایف سی کے شہدائ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے قیام امن کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے ایف سی کو مزید موثر فورس بنایا جائے گاایف سی ہیڈ کوارٹر جلد دوبارہ آوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمن امن کو سبوتاڑ کرنے کی سازش کر رہا ہے اتحاد کی قوت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔

دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو وطن عزیز میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ امن کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا جبکہ کمانڈنٹ ایف سی نے ادارے کی کارکردگی اور دیگر امور کے بارے آگاہ کیا۔