سوات میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،قانون کو توڑنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائیگا،ڈی پی او سوات

سٹریٹ کرائمز ، چوری ، ڈکیتی کی روک تھام ، منشیات فروشوں،اشتہاری ملزمان کیخلاف گھیر اتنگ کرکے قانون کے شکنجے میں لایا جائے ،ڈاکٹر زاہد کی ہدایت

جمعہ 29 مارچ 2024 20:45

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) ڈی پی او سوات ڈاکٹر زاہد اللہ خان نے کہاہے کہ سوات میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون کو توڑنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا ، سٹریٹ کرائمز ، چوری ، ڈکیتی کی روک تھام ، منشیات فروشوںاوراشتہاری ملزمان کے خلاف گھیر اتنگ کرکے قانون کے شکنجے میں لایا جائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پولیس افیسران کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میںایس پی ٹریفک وارڈن سوات حبیب اللہ خان ،اے ایس پی غلام صادق ،ایس پی اپر سوات عطاء اللہ سمیت سرکل ایس ڈی پی اوز ،ایس ایچ اوزاور دیگر متعلقہ افیسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سیکیورٹی سمیت مختلف انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او سوات نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ پر یقین رکھتا ہوں اس لئے عوام کے ساتھ شائستگی کا رویہ اپنایا جائے اور ان کی جان، مال،عزت وآبرو کی حفاظت کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دفاتراور پولیس سٹیشنز میں آنے والے سائلین کا احترام کریں۔ ان سے خندہ پیشانی خوش آخلاقی اور نرم لہجے سے پیش آئے، عوامی شکایات کے بروقت ازالہ اور تھانہ آنے والے سائلین کو مکمل قانونی معاونت فراہم کریں، عوام کیساتھ باہمی تعاون کو اپنا شعار بنائیں اور ہمیشہ ایمانداری اور خلوصِ نیت اور جذبے کیساتھ کام کریں۔

انہوں نے تمام سپروائزری آفیسرز کو اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی آڈٹ کرنے اور چائینیز و فارنر مومنٹ کے لئے سیکیورٹی کے موثر انتظامات کرنے کی سخت ہدایت کی۔اس موقع پر انہوں نے عید سے قبل رش والی مارکیٹوں میں پولیس نفری کیساتھ خواتین پولیس کی تعیناتی اور چاند رات پر ہوائی فائرنگ سے اجتناب کرنے کیلئے اگاہی مہم چلانیکی ہدایت کی۔ سیاحت کے حوالے سے ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا سوات چونکہ ایک سیاحتی علاقہ ہے اور یہاں کے لوگوں کا زریعہ معاش سیاحت پرمنحصر ہے، لہذا ٹوریسٹ فیسیلیٹیشن سنٹرز پر سوات آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن رہنمائی اور مدد فراہم کریں تاکہ وہ یہاں سے ایک مثبت پیغام لے کر جائیں ۔