محکمہ صحت پنجاب کا جعلی ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے،خواجہ عمران نذیر

ہفتہ 30 مارچ 2024 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں محکمہ صحت پنجاب کا جعلی ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے، ڈرگ کنٹرول ٹیم پنجاب نے ایف آئی اے کے ساتھ ملکر لاہور کے تین مختلف مقامات پر چھاپہ مارا اور جعلی ادویات کی فروخت میں تین ملزم گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے یہ بات محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ جعلی، غیر رجسٹرڈ اور ممنوعہ ادویات کا سٹاک قبضہ میں لے کر ملزمان کے خلاف تین علیحدہ علحیدہ ایف آئی آرز درج کی گئیں ہیں۔ ملزمان میں شعیب، حارث اور عمران پرویز شامل ہیں۔صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پکڑی گئیں ادویات کی مالیت 6 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نزیر نے کہا کہ کریک ڈائون لاہور کینٹ، نشتر ٹائون اور سمن آباد کے علاقوں میں کیا گیا۔

پکڑی گئی ادویات میں شوگر کے جعلی انجیکشنز، بلڈ پریشر، ملٹی وٹامن، اینٹی کنیسر، سٹیرائڈز اور سیکس ڈرگز شامل ہیں۔ خواجہ عمران نزیر نے کہا کہ مشترکہ ٹاسک فورس نے رواں ماہ 2151 انسپکشن، 405 چالان اور 24 ایف آئی آرز درج کروائی،اس سلسلہ میں اب تک 50 سے زائد ملزم گرفتار کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صوبہ کو جعلی ادویات سے پاک کرنا وزیر اعلی پنجاب کا ویژن ہے، صرف لائسنس یافتہ فارما انڈسٹری کو پروموٹ کرنے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فارما انڈسٹری کی بہتری کے لئے میڈیا سمیت تمام ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ بیٹھ کر سفارشات مرتب کرکے وزیر اعظم پاکستان کو پیش کریں گے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لوگوں کی صحت اور زندگی سے کھیلنے والے عناصر کو نہیں چھوڑا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے جعلی ادویات کے خلاف کامیاب کریک ڈائون کرنے پر ایف آئی اے اور ڈرگ کنٹرول ٹیم کو مبارکباد دی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائر یکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے میاں صابر نے کہا کہ پنجاب میں ڈرگ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے،کیسز کی بہتر پراسیکیوشن کے ذریعے ان عناصر کو سخت سزا دلوائی جائے گی۔