۔سینیٹر شیری رحمان کی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 سالہ ماریہ کے وحشیانہ قتل کی مذمت، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا حکم

ؔبے گناہ عورت کے ساتھ گھناؤنے عمل اور اس کے غیر انسانی قتل کا سن کر دل شدید رنجیدہ ہے اپنے بھائی اور والد کے ہاتھوں ماریہ کا وحشیانہ قتل بنیادی انسانی حقوق، ہماری روایات اور عورتوں کے وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے،نائب صدر پیپلز پارٹی

ہفتہ 30 مارچ 2024 17:45

؁ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2024ء) پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان کی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 سالہ ماریہ کے وحشیانہ قتل کی مذمت، ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ ۔ شیری رحمان نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں معصوم ماریہ کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتی ہوں بے گناہ عورت کے ساتھ گھناؤنے عمل اور اس کے غیر انسانی قتل کا سن کر دل شدید رنجیدہ ہے اپنے بھائی اور والد کے ہاتھوں ماریہ کا وحشیانہ قتل بنیادی انسانی حقوق، ہماری روایات اور عورتوں کے وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وحشیانہ ویڈیو نے مجموعی طور پر ہمارے معاشرے کا سر شرم سے جھکا دیا ہے اسے عام واقعہ سمجھ کے اس کی خوفناک نوعیت نظرانداز نا کیا جائے اس قتل کی شفاف تحقیقات کرکے تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر انسانی سلوک اور تشدد کی ایسی کارروائیوں کی کسی بھی مہذب معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے لہذا ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دل ماریہ اور اس طرح کے ظلم کا شکار ہونے والی تمام متاثر خواتین کے لیے دکھتے ہیں 22 سالہ نہتی اور بیگناہ ماریہ تو قتل ہو گئی لیکن اب اس کے ساتھ انصاف کیا جائے، اس کے قاتلوں کو سخت سزا دی جائے۔