شاہین کو کپتانی سے ہٹانے پر شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا

سلیکشن کمیٹی میں موجود بہت تجربہ کار کرکٹرز کے فیصلے سے حیران ہوں۔ سابق کپتان کا بیان

اتوار 31 مارچ 2024 21:35

شاہین کو کپتانی سے ہٹانے پر شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ 2024ء ) سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی نے بابر اعظم کو پاکستان وائٹ بال ٹیم کا دوبارہ کپتان نامزد کیے جانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔ اپنے ایک بیان میں شاہد خان آفریدی نے اپنے داماد اور فاسٹ بولر شاہین خان آفریدی کی جگہ بابراعظم کو کپتان بنائے جانے پر کہا کہ میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی میں موجود بہت تجربہ کار کرکٹرز کے فیصلے سے حیران ہوں، مجھے اب بھی یقین ہے کہ اگر تبدیلی ضروری تھی تو پاکستان کی قیادت کے لیے سینئر بیٹر محمد رضوان بہترین انتخاب تھا لیکن اب نئے کپتان کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تومیں پاکستان کرکٹ ٹیم اور بابر اعظم کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

اسی حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ایک اسٹریٹجک اقدام کے تحت جس کا مقصد کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی کو یقینی بنانا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے وائٹ بال کی قیادت کو تبدیل کیا ہے، بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار بیٹنگ کے ریکارڈ کے لیے مشہور بابراعظم شاہین شاہ آفریدی سے کپتانی سنبھالیں گے، شاہین آفریدی نے بلاشبہ خود کو ایک اسٹار فاسٹ بولر ثابت کیا ہے اور انہوں نے کئی برسوں سے پاکستان کے پیس اٹیک کی قیادت کی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان بورڈ ان کی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے روٹیشن اور آرام کی اہمیت کو سمجھتا ہے، یہ فیصلہ کھلاڑیوں کے لمبے کریئر اور خاص کر فاسٹ بولرز کو انجریز سے بچانے کے ضمن میں بورڈ کے عزم سے مطابقت رکھتا ہے، ورک لوڈ منیجمنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہے کہ پی سی بی کے اہم بولرز اپنے کھیل میں نمایاں رہیں، بورڈ نہیں چاہتا قومی ٹیم بولنگ کے وسائل کے حوالے سے انجریز کے بحران سے دوچار ہو جیسا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022ء سے پہلے دیکھا گیا تھا جہاں شاہین کی دیکھ بھال کرنی پڑی تھی اور آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں جب ٹیم کونسیم شاہ کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔