محکمہ زراعت کی سورج مکھی کی بہتر پیداوار کے حصول کے لئے کاشتکاروں کو بروقت آبپاشی کی ہدایت

منگل 2 اپریل 2024 12:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو بروقت آبپاشی کی ہدایت کی ہے ۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ سورج مکھی کی فصل کو اس کی کل ضرورت کا 20 سے 25 فیصد پانی فصل اگنے سے لیکر ایک ماہ کے دوران لگاناضروری ہے کیونکہ اگر فصل کو سوکا لگ جائے تو بیج کی پیداوار میں 40 فیصد سے زیادہ کمی ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ایک طرف تو عمل زیرگی متاثر ہوتا ہے جس سے پھول کے مرکز میں بیج نہیں بنتے اورجو بیج بنتے ہیں ان کی جسامت بہت چھوٹی اور وہ بیج اندر سے خالی رہ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگررواں ماہ اپر یل میں موسم گرم ہو جائے تو فصل کو پانی دینے کا دورانیہ کم مگر پانی زیادہ مرتبہ لگانا چاہیے کیونکہ شدید موسم میں آبپاشی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے جبکہ بروقت آبپاشی کرنے سے بیج صحتمند اور زیادہ بنتا ہے جس سے پیداوارمیں اضافہ ہوتا ہے نیز اگر زیادہ گرمی ہو تو بہاریہ سورج مکھی کو پھول نکلتے وقت پانی کا وقفہ کم کر دیناچاہیے ورنہ عمل زیرگی متاثرہونے کی وجہ سے پھول کا کچھ حصہ بیج بننے سے محروم رہ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار اس سلسلہ میں مزید معلومات و رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :