ایکس کی بندش کیخلاف دائر درخواست پر پی ٹی اے کو جواب جمع کروانے کی ہدایت

میں بذات خود ٹوئٹر کی بندش کے خلاف کیس کی سماعت کرنا چاہتا ہوں‘ جسٹس عاصم حفیظ

منگل 2 اپریل 2024 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ایپ ایکس (ٹوئٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر پی ٹی اے کے وکیل کو 29 اپریل تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے ایڈووکیٹ حذیفہ سہگل کی جانے سے ایکس (ٹوئٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت سوشل میڈیا ایپ ایکس کی بندش کوغیر قانونی قرار دے، عدالت فریقین کو حکم دے کہ ٹوئٹر تک عوام کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

وکیل پی ٹی اے نے موقف اختیار کیا کہ ایسا ہی ایک کیس جسٹس شاہد بلال حسن کی عدالت میں زیرسماعت ہے۔جسٹس عاصم حفیظ نے وکیل پی ٹی سے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں بذات خود ٹوئٹر کی بندش کے خلاف کیس کی سماعت کرنا چاہتا ہوں، میں جاننا چاہتا ہوں کہ آپ نے ٹوئٹر کیوں بند کر رکھا ہے۔ٹوئٹر کے بندش کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کے وکیل کو 29 اپریل تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔