اٹک،معصوم شہری کو قتل کرنیوالا ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار، اسلحہ آرڈیننس کے تحت الگ مقدمہ درج

منگل 2 اپریل 2024 20:05

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) معصوم شہری کو بے دردی سے قتل کرنے والے ملزم کوآلہ قتل سمیت گرفتارکرکے اسلحہ آرڈیننس کے تحت الگ مقدمہ درج کرلیاگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق افسر خان ولد عبدالسلام سکنہ حسن ابدال نے تھانہ سٹی حسن ابدال میں بیان دیا کہ ہم تین بھائی ہیں، تمام شادی شدہ ہیں اور الگ الگ رہائش پذیر ہیں مورخہ 16فرو ری کو میری بھتیجی دختر حاکم خان دوڑتی ہوئی ہمارے گھر آئی اور بتایا کہ ابو کو کسی نے گولی مار دی ہے جس پر میں فوری طور پر موقع پر گیا تو میرے بھائی حاکم خان خون میں لت پت پڑا ہوا تھا جس کو سر میں فائر لگا ہوا تھا جس وجہ سے موقع پر ہی موت واقع ہو گئی، تھانہ سٹی حسن ابدال پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش عمل میں لاتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی بہترین تفتیش کے ذریعے قاتل کو گرفتار کر لیا قاتل مقتول کا سالہ نکلا، ملزم کامران خان عرف شاہڑا ولد سرور خان سکنہ ڈھوک مسکین حسن ابدال سے دوران انٹیروگیشن آلہ قتل پسٹل 30بور برآمد کر کے اسلحہ آریڈیننس کے تحت الگ مقدمہ درج کر لیا۔