سابق رکن قومی اقلیتی کمیشن البرٹ ڈیوڈ کا گوجر خان میں چرچ آتشزدگی کے مقام کا دورہ

بدھ 3 اپریل 2024 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2024ء) سابق رکن قومی اقلیتی کمیشن البرٹ ڈیوڈ نے بدھ کو گوجر خان میں چرچ آتشزدگی کے مقام کا دورہ کیا ۔ وزارت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چند دن قبل گوجر خان چرچ میں آتشزدگی کے واقعہ پر مذہبی جذبات ابھار کر انتشار پھیلانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے سابق رکن قومی اقلیتی کمیشن البرٹ ڈیوڈ نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا اور اصل حقائق منظر عام پر لے آئے۔

تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ گوجر خان میں چند دن قبل ایک متروکہ چرج کے سٹور روم میں رات گئے شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کا واقعہ ہوا تھا جس پر محکمہ فائر فائٹنگ نے بروقت اطلاع ملنے پر فوری قابو پا لیا تاہم چند عناصر کی جانب سے متاثرہ جگہ کو چرچ ظاہر کر کے احتجاج کیا گیا اور مین جی ٹی روڈ کو بلاک کرنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

نیز سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کر کے مذہبی جذبات کو ابھارنے کی کوشش بھی سامنے آئی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پیدا ہونے والی صورتحال کو فوری کنٹرول کیا اور واقعہ کی ایف آئی آر درج کی۔ وزارت مذہبی امور کی ایما پر سابق رکن قومی اقلیتی کمیشن البرٹ ڈیوڈ نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا اور سول انتظامیہ اور لوکل کمیونٹی سے ملاقاتیں کی اور متاثرہ جگہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ایک اتفاقی حادثہ تھا جسے مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

پاکستانی معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی مثالی ہے۔ تمام مذہبی اکائیاں مل کر مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں۔ اور دشمن کی ایسی کسی بھی سازش کا آلہ کار مت بنیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام الناس کو چاہئے کہ ایسی کسی افواہ پر فوری ردعمل دینے بھی بجائے معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کرنا چاہئے۔ البرٹ ڈیوڈ نے سول اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت مداخلت اور معاملہ فہمی پر ان کی تعریف کی۔