سرسید یونیورسٹی کے زیرِاہتمام رمضان ڈرائیو کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

بدھ 3 اپریل 2024 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(SSUET) کے زیرِ اہتمام رمضان ڈرائیو کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنوینئر محمد ارشد خان، فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، پروفیسر ڈاکٹر لبنی فرحی، پروفیسر ڈاکٹر ابرار الحق، پروفیسر ڈاکٹر ولیج حیدر، فیکلٹی ممبرز ماہ رخ اور مریم رازق سمیت طلبا کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم اور المصطفی ویلفیئرٹرسٹ کے چیف پیٹرن ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ المصطفی نے روشنی سب کے لیے کی تشہیری مہم کے حوالے سے آنکھوں کے ایک لاکھ بیس ہزار مفت آپریشن کئے۔

(جاری ہے)

پلاسٹک سرجری کیمپ میں پیدائشی کٹے ہوئے ہونٹ اور تالو کے تقریبا باسٹھ ہزار مریضوں کے مفت آپریشن کئے۔مستحق خاندانوں کو راشن کی تقسیم کا عمل پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

ہم نے بے سہاراضعیف والدین کے لیے شیلٹرز بھی فراہم کئے ہیں۔ ٹرانسفارمیشن انٹرنیشنل ویلنیس کلینیکس (Transformation International Wellness Clinics)کے چیف ایگزیکیٹو ڈاکٹر عمران یوسف نے کہا کہ قرآن آخری الہامی کتاب ہے اور اس میں آج تک کوئی فرق نہیں آیا ہے۔چوبیس گھنٹوں میں کوئی ایک بھی ایسا لمحہ نہیں ہوتا جب یہ کتاب نہ پڑھی جارہی ہو۔ کائنات کی کوئی ایسی چیز نہیں ہے جس کا ذکر اس کتاب میں نہ ہو۔

اس میں بتائی گئی نشانیوں میں سے آج تک کوئی ایک نشانی بھی جھوٹی ثابت نہیں ہوئی۔ سرسیدیونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ کامیابی کے حصول کے لیے مقصد سے آگاہی ضروری ہے۔انسانوں کو اس لیے پیدا کیا گیا کہ وہ اللہ کی بندگی کریں۔اپنے رب کو پہچانیں اور اس سے ربط کو مستحکم کریں۔ اسلام کا مقصد صرف مادی دنیا نہیں ہے بلکہ تقوی ہے۔

اگر مادیت ہی سب کچھ ہوتی تو ہم مطمئن کیوں نہیں ہو پارہے ہیں، یاسیت کا شکار کیوں ہیں۔رمضان ڈرائیو ایک اچھی کاوش ہے اور یہ بڑی بات ہے کہ ہم دوسروں کا احساس کررہے ہیں۔علم حاصل کرنے کامقصد پیسے کمانا نہیں بلکہ لوگوں کی بھلائی اور معاشرے کی ترقی و تعمیر ہونا چاہئے۔ اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے سرسیدیونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر)سید سرفراز علی نے کہا کہ اللہ نے دنیا کو بغیر مقصد کے نہیں بنایا۔

زندگی کا مقصد اللہ تعالی کی رضا حاصل کرنا ہے۔ہمیں دنیا میں بھیجا ہی اس لیے گیا ہے کہ ہم اعمال سے اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کریں۔انھوں نے اپنے آسٹریلیا کے دورہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ مغربی ممالک میں بھی سرسید یونیورسٹی کے گریجویٹس اسلام کی تبلیغ اور فروغ کے لیے کام کررہے ہیں۔۔پاکستانی نوجوانوں میں دینی رجحان بڑھ رہا ہے۔