حکومت کا یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان

یوتھ لون پروگرام میں ریکوری 98 فیصد سے زائد ہے، نوجوان ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور ہم ہر میدان میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ چیئرمین یوتھ لون پروگرام کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 اپریل 2024 13:09

حکومت کا یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اپریل 2024ء ) حکومت نے یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان کردیا، اولمپکس ایسوسی ایشن کے تعاون کے ساتھ ملک کی پہلی ای اسپورٹس کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوتھ لون پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا کہ یوتھ لون پروگرام میں ریکوری 98 فیصد سے زائد ہے، رواں سال یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا، نوجوان ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور ہم ہر میدان میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، موجودہ صورتِ حال میں ملک کو آگے لے جانے کے لیے یکسوئی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں، منہگائی کم ہو رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

رانا مشہود نے کہا کہ وزیر اعظم کا ویژن ہے آئی ٹی انڈسٹری کو بھی 15 سے 25 ارب ڈالر کی انڈسٹری بنائیں کیون کہ ملک کوبہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، اسی لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے ہمیشہ چارٹر آف اکنامی کی بات کی ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کی خبریں آنا شروع ہوگئیں ہیں، نوجوان محنت کریں گے تو میرٹ کی بنیاد پر صلہ ملے گا، پاکستان نے اگر آگے جانا ہے تو تین سیکٹرز جو ہمیں فوری طور پر فائدہ دے سکتے ہیں وہ آئی ٹی، زراعت اور صلاحیت کی تربیت ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اب ڈیجیٹلائزیشن کا دور ہے، ای گیمنگ کی انڈسٹری اربوں ڈالر کی انڈسٹری بن چکی ہے اور پاکستانی نوجوان اس میں بہت آگے ہیں مگر ای اسپورٹس کی کوئی آرگنائزیشن پاکستان میں نہیں تو ہم اولمپکس ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کے پہلی ای اسپورٹس کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔