قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں بین الشعبہ جاتی حسن قرآت و نعتیہ مقابلے ،

جمعرات 4 اپریل 2024 22:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2024ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ( کے آئی یو )میں عظیم الشان و روح پرور بین الشعبہ جاتی حسن قرآت اور نعتیہ مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق حسن قرآت ونعتیہ مقابلے میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔حسن قرآت اور نعتیہ مقابلے میں طلبہ و طالبات نے خوبصورت اور سریلی انداز میں قرآت اور نعتیہ کلام پڑھ کر حا ضرین سے خوب داد حاصل کی اور محفل میں عقیدت کے رنگ بکھیردیئے۔

نعتیہ مقابلے کے مہمان خصوصی قراقر م یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ تھے۔ ان کے ہمراہ یونیورسٹی کے ڈینز،سینئر انتظامی وتدریسی افسران اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

حسن قرآت و نعتیہ مقابلے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ قرآن پاک ہم سے تقاضہ کرتاہے کہ اس کو پڑھیں،سمجھیں،عمل کریں اس کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچائیں۔

لہذا طلبہ وطالبات اپنے آپ کو قرآن پاک سے زیادہ سے زیادہ قریب کریں۔وائس چانسلر نے کہاکہ نبی پاک ؐ کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ عمل ہے۔جس پر عمل کرکے دنیا وآخر ت دونوں میں حقیقی کامیابی سے ہمکنا رہوسکتے ہیں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد سے طلبا میں چھپی صلاحیتیں عیاں ہوتی ہیں اور وہ کسی بھی بڑے اسٹیج یا مقابلے کے لئے تیار ہوجاتے ہیں۔

یہی نوجوان قوم کے معمار ہیں جو دنیا کے ہر شعبے میں ملک ملت کا نام روشن کرتے ہیں۔وائس چانسلر نے مقدس ماہ مبارک رمضان میں دلوں کو شاد وسکون بخشنے کے لیے حسن قرآت اورنعتیہ مقابلہ کا اہتمام کرنے پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے پرووسٹ ڈاکٹر قمر عباس نے بھی خطاب کیاانہوں نے کہاکہ قراقرم یونیورسٹی کے طلباء میں بے پناہ صلاحتیں موجود ہیں۔

آج کا یہ حسن قرآت اور نعتیہ مقابلہ رکھنے کا مقصد بھی طلبا ء میں چھپی صلاحیتوں کو اجا گر کرنا تھا۔یاد رہے کہ طلباکے مابین ہونے والے قرآت کے مقابلے میں شعبہ انگلش کے طالب علم حافظ محمد نے پہلی،شعبہ کمپیوٹر سائنسز کے طالب علم مشرف نے دوسری،شعبہ پلانٹ سائنسز کے طالبِ علم رحمت اللہ قریشی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ جبکہ نعتیہ مقابلے میں شعبہ آئی آر کے طالب علم میثم علی نے پہلی، شعبہ کیمسٹری کی طالبہ سبیحہ علی نے دوسری جبکہ شعبہ ایگریکلچر اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی کی طالبہ مسنہ نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی ۔

اسی طرح کے آئی ایف ایم 99 اور پرووسٹ آفس کے اشتراک سے منعقدہ انٹر اسکول و کالجز محفل نعت کے مقابلوں میں فوجی فاؤنڈیشن پبلک سکول کے طالب علم شناور علی نے پہلی، آرمی پبلک اسکول کے طالب علم ریان نے دوسری جبکہ طالبہ خوشی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔حسن قرآت اور نعتیہ مقابلے کے اختتام پر مہمانوں نے پروگرام کے منتظمین اور پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبا ت کے درمیان شیلڈ ز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ بین الشعبہ جاتی حُسن قرآت و نعتیہ مقابلے کا اہتمام کے آئی یو آرٹس کلچر اینڈ ڈرامیٹک سوسائٹی اور FM 99 کے آئی یو نے پرووسٹ آفس کے زیر اہتمام منعقد کیا تھا۔