پی آئی اے کا سعودی عرب کی پروازوں کے کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان

سعودی عرب کے رہائشی ویزہ اور ورک ویزہ رکھنے والے افراد قومی ائیرلائن کے کرایوں کی ڈسکاونٹ آفر سے فائدہ اٹھا سکیں گے

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 اپریل 2024 22:07

پی آئی اے کا سعودی عرب کی پروازوں کے کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اپریل2024ء) پی آئی اے کا سعودی عرب کی پروازوں کے کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان، سعودی عرب کے رہائشی ویزہ اور ورک ویزہ رکھنے والے افراد قومی ائیرلائن کے کرایوں کی ڈسکاونٹ آفر سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے پاکستان سے سعودی عرب سفر کرنے والے مسافروں کیلئے زبردستی رعایتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

پی آئی اے نے عمرہ زائرین، سعودی رہائشی ویزہ اور ورک ویزہ کے حامل مسافروں کے یکطرفہ کرایوں میں 30 فیصد کمی کردی۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے سعودی عرب کے رہائشی ویزہ اور ورک ویزہ کے حامل افراد کے لیے یکطرفہ کرایوں میں 30 فیصد رعایت کا اعلان کردیا گیا۔ اس پیش کش کے تحت سعودی عرب کے مختلف شہروں کی پی آئی اے کی پروازوں کے ٹکٹ پر رعایت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق جدہ اور مدینہ جانے والے مسافر 7 اپریل سے 11 اپریل 2024 تک فائدہ اٹھا سکیں گے،ریاض اور دمام جانے والے مسافر بھی 11اپریل تک فائدہ اٹھا سکیں گے۔ پی آئی اے کی جانب سےعمرہ زائرین کے لیے بھی کرایوں میں 20 فیصد تک کرایوں میں کمی کی گئی، کرایوں میں کمی کا اطلاق 7 اپریل سے 11 اپریل تک رہےگا۔ قومی ائیرلائن کی جانب سے اکانومی کلاس میں 50 ہزارکمی کی گئی ہے۔

کراچی سمیت ساوتھ ریجن سے عمرہ زائرین کا کرایہ 95 ہزار400 روپے مختص کردیا گیا جبکہ لاہورسمیت نارتھ ریجن سے جانے والے مسافروں کے لیے اکنامی کلاس کا کرایہ1لاکھ 3ہزار 680 روپے مختص کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اںٹرنیشنل ائیرلائن کی نجکاری آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نجکاری کے بعد پی آئی اے کی برسوں سے یورپ کیلئے بند پروازوں بھی بحال ہو جانے کا امکان ہے۔