نہیں چاہتی کہ لوگ مجھے ’آنٹی‘ کہیں،صبا فیصل

انگریز کلچر میں آنٹ (Aunt) کہا جاتا ہے لیکن وہاں آنٹی کا مفہوم غلط قسم کی عورت کے طور پر لیا جاتا ہے

جمعہ 5 اپریل 2024 10:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور سینئر اداکارہ صبا فیصل کا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتی کہ لوگ مجھے ’آنٹی‘ کہیں۔حال ہی میں سینیئر اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانمیشن میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر کھل کر گفتگو کی۔اسی پروگرام میں انہوں نے ان اداکاروں اور دوستوں کے بارے میں بھی بات کی جو عمر میں تو زیادہ ہیں لیکن جوان ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں اور دوسروں کو آنٹی یا آپا کہتے ہیں۔

دوران انٹرویو صبا فیصل سے سوال کیا گیا کہ لوگ آپ کو کس نام سے پکارتے ہیں، کوئی آپا، باجی، خالہ کہہ کر مخاطب کرے تو کیسا لگتا ہی اسی پروگرام میں شریک ایک اور مہمان و اداکارہ حنا خواجہ بیات نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری ساس آئرش ہیں اور چونکہ وہ انگریز ہیں تو میں نے اپنی ساس سے پوچھا کہ میں آپ کو کس نام سے پکاروں، جس پر میری ساس نے جواب دیا کہ آپ مجھے کچھ بھی کہہ کر پکار سکتی ہیں لیکن آنٹی کے نام سے مخاطب نہ کرنا جو پاکستان میں بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔

حنا خواجہ بیات نے کہا کہ انگریز کلچر میں آنٹ (Aunt) کہا جاتا ہے لیکن وہاں آنٹی کا مفہوم غلط قسم کی عورت کے طور پر لیا جاتا ہے۔جس پر صبا فیصل نے بھی کہا کہ اگر انہیں کوئی آنٹی کہہ کر مخاطب کرے تو انہیں بٴْرا لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’میں نہیں چاہتی کہ لوگ مجھے آنٹی کہہ کر بلائیں، میں یہ ہرگز نہیں چاہتی‘۔