Live Updates

محکمہ صحت پنجاب کا اپریل کے آخر میں کلینکس آن ویل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب کے پورے ہیلتھ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، بنیادی و دیہی مراکز صحت کی ریویمپنگ مارچ 2028 تک مکمل کرلی جائے گی، صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 اپریل 2024 21:18

محکمہ صحت پنجاب کا اپریل کے آخر میں کلینکس آن ویل پروگرام شروع کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل2024ء) محکمہ صحت پنجاب نے اپریل کے آخر میں کلینکس آن ویل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب کے پورے ہیلتھ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر میں نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام (NHSP) کے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

این ایچ ایس پی کے اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز راجہ منصور اور محمد احمد، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر یونس، سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف اور پروگرام ڈائریکٹر IRMNCH ڈاکٹر خلیل سخانی نے  شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پروگرام ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ نے NHSP کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اپریل کے آخر میں کلینکس آن ویل پروگرام از سر نو شروع کیا جارہا ہے جس کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب کریں گی۔ صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ 2500 رورل ہیلتھ سنٹرز اور 300 بیسک ہیلتھ یونٹس کی ریویمپنگ مارچ 2028 تک مکمل کرلی جائے گی، بنیادی و دیہی مراکز صحت کی ریویمپنگ کے بعد مقامی سطح پر جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پورے ہیلتھ سسٹم کو اپگریڈ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صحت کے مراکز میں عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے محکمہ صحت بھرپور وسائل فراہم کررہا ہے، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ وزیٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز کی کیپسٹی بلڈنگ جدید طبی انداز میں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ عیدالفطر کے فوری بعد دیگر اضلاع کے ہسپتالوں کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لوں گا۔  
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات